مینگلور24/ڈسمبر (ایس او نیوز) رکن پارلیمان نلین کمار کٹیل کے ہاتھوں مینگلور سینٹرل ریلوے اسٹیشن میں یونیٹی اسپتال کی طرف سے فری ایمرجنسی میڈیکل سروس سینٹر کا افتتاح کیا گیا، جہاں ٹرین پر سفر کرنے والوں کو کسی بھی طرح کی ایمرجنسی علاج کی ضرورت پڑنے پر مفت میڈیکل سہولیات فراہم کی جائے گی۔
اتوار کومنعقدہ افتتاحی تقریب میں سروس سینٹر کا افتتاح کرنے کے بعد ایم پی نلین کمار کٹیل نے ریلوے اسٹیشن پر فری سروس سینٹر فراہم کرنے پر یونیٹی اسپتال کے چیرمین جناب حبیب الرحمن کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اُن کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اس سینٹر کے ذریعے ٹرینوں پر سفر کرنے والوں کو صحت کے تعلق سے کسی بھی طرح کا مسئلہ پیش آنے پر فوری مدد لی جاسکے گی۔ انہوں نے کہا کہ میں خود بھی ریلوے پر سفر کرنے کا عادی ہوں اور مجھے اچھا تجربہ ہے کہ ٹرینوں پر سفر کرنے کے دوران مسافروں کو کس قسم کی تکلیفات پیش آتی ہیں، ویسے تو سن 2014 کے بعد شکایتوں میں کمی پیش آئی ہے، مگر جو بھی شکایات موصول ہوتی ہیں وہ زیادہ تر صحت کو لے کر ہی ہوتی ہیں۔
نلین کمار نے کہا کہ مینگلور ایک ترقی یافتہ شہر ہے اور یہاں کے ریلوے اسٹیشن کو ڈیولپ کرکے اسے دنیا کا بہترین اسٹیشن میں تبدیل کرنے کے لئے 75 کروڑ روپیوں کی لاگت سے کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ صرف سرکار ہی نہیں بلکہ پرائیویٹ اداروں کو بھی اس سمت میں آگے آنے کی ضرورت ہے انہوں نے یونیٹی اسپتال کی طرف سے ایک اچھی پہل پر کہا کہ انہوں نے دیگر اداروں کو بھی ایک پیغام دیا ہے کہ پرائیویٹ ادارے بھی مینگلور شہر کی ترقی میں برابر شریک ہوتے ہیں۔
تقریب میں یونیٹی اسپتال کے چیرمین جناب حبیب الرحمن نے کہا کہ ہمیں بے حد خوشی ہے کہ ریلوے اسٹیشن پر ہمارے اسپتال کی طرف سے مفت ایمرجنسی میڈیکل سروس سینٹر کا قیام عمل میں آیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ٹرینوں پر سفر کرنے کے دوران مسافروں کو فوری ہیلتھ مدد کی ضرورت پڑسکتی ہے اور ریلوے اسٹیشن بہت زیادہ بھیڑ بھاڑ والی جگہ ہوتی ہے، جہاں ایمرجنسی پیش آنے کی صورت میں فوری علاج کی ضرورت پڑتی ہے۔ ایسے میں صحیح وقت پر ایمرجنسی میڈیکل ہیلپ فراہم کرنا نہایت ضروری ہوتا ہے، ہمیں اُمید ہے کہ اس سروس کے ذریعے کئی اہم لوگوں کی زندگیوں کو بچایا جاسکے گا۔ انہوں نے سدرن ریلوے کا شکریہ ادا کیا کہ مسافروں کو سہولیات فراہم کرنے کی غرض سے اُنہیں ریلوے اسٹیشن پر میڈیکل سینٹر قائم کرنے کی اجازت دی گئی۔
فری ایمرجنسی میڈیکل سروس سینٹر مینگلور ریلوے اسٹیشن کے داخلے پر ٹکٹ کاونٹر کے بالمقابل قائم کیا گیا ہے۔ جہاں defibrillator، بلڈ پریشر چیک آپ مشین، اکسیجن سلینڈر، مرہم پٹی کی تمام اشیاء، پلنگ وغیرہ رکھے گئے ہیں۔ساتھ ساتھ یہاں دو نرسوں کو بھی رکھا گیا ہے ، بتایا گیا ہے کہ کوئی بھی ایمرجنسی پیش آنے پر ڈاکٹر کو کال کرکے بلایا جاسکے گا۔ افتتاحی تقریب میں اسٹیشن مینجر راما کمار، سدرن ریلوے کے علاقائی آفسر سریدھرن، یونیٹی اسپتال کے مینجنگ ڈائرکٹر اجمل حبیب، ایکزی کوٹیو ڈائرکٹر اشفاق حبیب، جنرل مینجر دیوراج بی، ڈاکٹر جے پی شٹی اور دیگر لوگ موجود تھے۔